کامیاب طالب علم کا پانچ ڈی کا فارمولا
کامیابی صرف اچھے نمبروں کا نام نہیں۔ کامیابی یہ بھی
نہیں کہ ایک طالب علم کے ہاتھ میں بڑی ڈگری ہو، زبان پر انگریزی کے چند خوب صورت
جملے ہوں اور جیب میں مہنگا موبائل ہو۔ میرے نزدیک اصل کامیاب طالب علم وہ ہے
جس کی آنکھ میں خواب، دماغ میں سمت، کردار میں وقار، ہاتھ میں ہنر اور دل میں اللہ
کا خوف ہو۔میں نے اپنے مشاہدے اور مطالعے میں ایک بات بار بار دیکھی ہے کہ
ذہین نوجوان ہمیشہ کامیاب نہیں ہوتے، لیکن وہ نوجوان جو اپنے آپ کو منظم کرنا سیکھ
لیتے ہیں، اپنی کمزوریوں پر کام کرتے ہیں، وقت کی قدر پہچان لیتے ہیں اور کسی واضح
مقصد کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں، وہ اکثر دوسروں سے بہت آگے نکل جاتے ہیں۔
ہماری نوجوان نسل میں صلاحیت کی کمی نہیں۔ مسئلہ صلاحیت
کا نہیں، صلاحیت کے بکھر جانے کا ہے۔
کسی کے کئی گھنٹے موبائل کھا رہا ہے، کسی کو یہ معلوم
ہی نہیں کہ زندگی میں کرنا کیا ہے، کوئی دوسروں کی کامیابیاں دیکھ دیکھ کر احساسِ
کمتری میں مبتلا ہے، کوئی امتحان کے خوف سے پریشان ہے، اور کوئی ڈگری کے آخری سال
میں پہنچ کر پہلی مرتبہ اپنے آپ سے پوچھ رہا ہے:
“میں اس ڈگری کے
بعد کروں گا کیا؟”
یہ سوال اگر طالب علمی کے آغاز میں پوچھ لیا جائے تو
زندگی بدل سکتی ہے، لیکن اگر یہی سوال ڈگری ہاتھ میں آنے کے بعد پوچھا جائے تو بعض
اوقات کئی قیمتی سال ضائع ہوجاتے ہیں۔
اسی پس منظر میں ایک کامیاب طالب علم کی شخصیت کو پانچ
الفاظ میں سمیٹا جا سکتا ہے:
Deen — Discipline — Digital Skills — Direction — Dua
یہ پانچوں الفاظ محض خوب صورت اصطلاحات نہیں؛ یہ ایک
مکمل طرزِ زندگی ہیں۔ میں اسے 5D Formula of a Successful Student
کہتا ہوں۔
پہلا D — Deen
دین: وہ بنیاد جس پر کامیابی کی عمارت کھڑی ہوتی ہے
آج ہم اپنے بچوں کو
Mathematics پڑھاتے ہیں، Science
پڑھاتے ہیں، English سکھاتے
ہیں، Coding سکھاتے ہیں، لیکن کبھی
کبھی ایک بنیادی سوال پیچھے رہ جاتا ہے:
ہم ایک کامیاب انسان تیار کر رہے ہیں یا صرف ایک کامیاب Professional؟
دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ایک بہترین ڈاکٹر اگر
مریض کے درد کو محسوس نہ کرے تو اس کی ڈگری ادھوری ہے۔ایک قابل انجینئر اگر دیانت
دار نہ ہو تو اس کی مہارت معاشرے کے لیے خطرہ بھی بن سکتی ہے۔ایک ذہین تاجر اگر
حلال و حرام کا شعور نہ رکھے تو اس کی ذہانت انسانوں کا استحصال کرسکتی ہے۔اسی لیے
میرے نزدیک طالب علم کی تعلیم کا پہلا ستون دین اور کردار ہونا چاہیے۔دین
کا مطلب یہ نہیں کہ طالب علم دنیا چھوڑ دے۔ دین تو اسے دنیا میں صحیح طریقے سے
جینا سکھاتا ہے۔نماز اسے وقت کی پابندی سکھاتی ہے۔روزہ اسے Self-control
سکھاتا ہے۔حیا اسے حدود سکھاتی ہے۔والدین کا ادب
اسے شکرگزاری سکھاتا ہے۔حلال و حرام کا شعور اسے اخلاقی فیصلہ سازی سکھاتا
ہے۔
رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا کہ اللہ تعالیٰ کو سب سے
محبوب عمل کون سا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: نماز
کو اس کے وقت پر ادا کرنا، اور اس کے بعد والدین
کے ساتھ حسنِ سلوک کا ذکر فرمایا۔ (صحیح البخاری)
ذرا غور کیجیے: ایک طالب علم اگر پانچ مرتبہ اپنے رب کی
آواز پر اپنی مصروفیت روک سکتا ہے، تو کیا وہ اپنی پڑھائی کے لیے وقت مقرر نہیں
کرسکتا؟اگر وہ فجر کے لیے بستر چھوڑ سکتا ہے تو کیا وہ اپنے خواب کے لیے Comfort Zone نہیں چھوڑ سکتا؟اور حیا؟آج
بعض نوجوان حیا کو کمزوری سمجھنے لگے ہیں، حالاں کہ رسول اللہ ﷺ نے حیا کو ایمان
کا حصہ قرار دیا۔میرے مشاہدے میں وہ طالب علم جس کے اندر اخلاقی حدود واضح ہوں، وہ
زندگی کے بہت سے غیر ضروری تنازعات، تعلقات، لتوں اور ذہنی انتشار سے خود کو بچا
لیتا ہے۔ اس کی توانائی بکھرتی نہیں، مرکوز رہتی ہے۔
یاد رکھیے:
علم انسان کو طاقت دیتا ہے، لیکن کردار طے کرتا ہے کہ
وہ طاقت کہاں استعمال ہوگی۔
دوسرا
D — Discipline
نظم و ضبط: خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے والی مشین
بعض نوجوان مجھ سے کہتے ہیں:“سر! Motivation نہیں آتی۔”
میں کہتا ہوں:کامیاب
لوگ ہر روز Motivation کے
انتظار میں نہیں بیٹھتے؛ وہ Discipline پیدا
کرتے ہیں۔
Motivation
ایک کیفیت ہے۔کبھی آتی ہے، کبھی چلی جاتی ہے۔لیکن Discipline ایک فیصلہ ہے۔
صبح اٹھنے کو دل نہ چاہے، پھر بھی اٹھنا — Discipline۔موبائل سامنے پڑا ہو، پھر بھی کتاب کھولنا — Discipline۔امتحان دور ہو، پھر بھی روزانہ پڑھنا — Discipline۔ناکامی ہو جائے، پھر بھی دوبارہ کوشش کرنا — Discipline۔American
Psychological Association نے
Self-discipline سے متعلق تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے
بتایا ہے کہ زیادہ Self-discipline رکھنے
والے طلبہ نے بہتر درجات، بہتر حاضری اور بہتر تعلیمی کارکردگی دکھائی؛ مذکورہ
تحقیق میں Self-discipline تعلیمی
کامیابی کی پیش گوئی میں IQ سے
بھی زیادہ مؤثر عامل ثابت ہوا۔یہ بات غور طلب ہے۔
ہم بچوں سے کہتے رہتے ہیں:“تم
بہت ذہین ہو۔”شاید ہمیں اس کے
ساتھ یہ بھی کہنا چاہیے:“بیٹا!
ذہانت نعمت ہے، لیکن مستقل مزاجی اس نعمت کو نتیجے میں بدلتی ہے۔”ایک معمولی ذہانت رکھنے والا طالب علم
اگر روزانہ دو گھنٹے یکسوئی سے پڑھتا ہے تو وہ اس ذہین طالب علم سے کہیں آگے
جاسکتا ہے جو امتحان سے تین دن پہلے کتاب کھولتا ہے۔وقت کے نظم و نسق کو بھی جدید
نفسیات اور تعلیم میں ایک باقاعدہ مہارت تصور کیا جاتا ہے؛
American Psychological Association طلبہ کے لیے ایسی
سرگرمیاں بھی فراہم کرتی ہے جو انہیں ان رویّوں کو پہچاننے اور بدلنے میں مدد دیتی
ہیں جو Time Management کو
بہتر یا خراب کرتے ہیں۔
طالب علم کو ایک مشکل حقیقت سمجھنی ہوگی:آپ کے پاس وقت کم نہیں؛ آپ کا وقت تقسیم
بہت زیادہ جگہوں پر ہو رہا ہے۔دو گھنٹے Reels۔ایک گھنٹہ غیر ضروری
Chat۔بار بار
Notifications۔بے مقصد
YouTube۔
رات گئے تک Screen۔پھر
صبح شکایت:“وقت ہی نہیں ملتا!”وقت کہیں نہیں گیا۔وقت موبائل کی Screen Time رپورٹ میں موجود
ہے۔میرے مطالعے اور تجربے کے مطابق طالب علم
کے لیے ایک سادہ اصول بہت مؤثر ہے:روزانہ
تھوڑا، لیکن روزانہ۔چار گھنٹے ایک دن پڑھ کر
تین دن غائب ہونے سے بہتر ہے کہ روزانہ ایک گھنٹہ پوری توجہ کے ساتھ پڑھا جائے۔زندگی
کے بڑے نتائج اکثر چھوٹی چھوٹی عادتوں کے جمع ہونے سے پیدا ہوتے ہیں۔قطرہ بظاہر
معمولی ہوتا ہے، مگر قطرے مسلسل گریں تو پتھر پر نشان بنا دیتے ہیں۔
تیسرا
D — Digital Skills
صرف موبائل چلانا
Digital Literacy نہیں
ہم تاریخ کے ایک غیر معمولی دور میں زندہ ہیں۔آج ایک
طالب علم کے ہاتھ میں موجود موبائل فون اسے دنیا کی بہترین
Libraries، Courses، Lectures،
Software، AI tools اور
ماہرین تک پہنچا سکتا ہے۔اور یہی موبائل اسے گھنٹوں بے مقصد ویڈیوز میں بھی غرق
کرسکتا ہے۔فرق Device کا
نہیں، استعمال کرنے والے کی سوچ کا ہے۔ہمارا
المیہ یہ ہے کہ بہت سے نوجوان Digital Consumer تو
ہیں، Digital Creator نہیں۔
وہ TikTok دیکھ
سکتے ہیں مگر مؤثر Presentation نہیں
بنا سکتے۔وہ Facebook چلا
سکتے ہیں مگر Professional Email نہیں
لکھ سکتے۔وہ WhatsApp کے
تمام Features جانتے
ہیں مگر Excel کی
بنیادی Formula نہیں
جانتے۔وہ AI سے
سوال تو پوچھتے ہیں، لیکن یہ نہیں جانتے کہ ملنے والے جواب کی تحقیق، تنقید اور
تصدیق کیسے کی جائے۔UNESCO بھی
اب AI اور Digital Competencies کو جدید تعلیم کا
اہم حصہ قرار دیتا ہے۔ UNESCO کے AI Competency Framework for Students میں
انسانی مرکزیت، AI Ethics،
AI
techniques/applications اور
AI system design سمیت متعدد جہتوں میں طلبہ کی
صلاحیتیں پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔اسی طرح
UNESCO واضح کرتا ہے کہ
AI Literacy محض
Tool استعمال کرنا نہیں بلکہ Critical
Thinking، انسانی اختیار اور Ethics کے
ساتھ ٹیکنالوجی کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔
اس لیے آج کے طالب علم کو کم از کم یہ مہارتیں ضرور
سیکھنی چاہییں:
AI Literacy،
Computer Skills،
Communication،
Presentation،
Research،
Content Creation اور Digital Ethics۔
لیکن یہاں ایک جملہ نوجوانوں کے دل میں بٹھانا چاہتا
ہوں:
AI کو اپنا دماغ مت
بناؤ؛ اسے اپنے دماغ کا معاون بناؤ۔
اگر آپ ہر Assignment بغیر
سمجھے کسی Tool سے
تیار کروا لیتے ہیں تو شاید استاد سے نمبر لے لیں، مگر زندگی کے امتحان میں آپ کے
پاس وہ Tool نہیں
بلکہ آپ کی اپنی سمجھ کام آئے گی۔
ٹیکنالوجی وہی طالب علم آگے لے جائے گی جو سوال پوچھنا،
جواب پر شک کرنا، تحقیق کرنا اور اپنی سوچ پیدا کرنا جانتا ہو۔
مستقبل اس طالب علم کا نہیں جو صرف Degree Holder ہوگا۔
مستقبل زیادہ امکان سے اس طالب علم کا ہوگا جو کہہ سکے:
“میرے پاس علم بھی
ہے، Skill بھی،
Communication بھی
اور Character بھی۔”
چوتھا
D — Direction
تیز دوڑنے سے پہلے دیکھو، جا کہاں رہے ہو؟
فرض کیجیے دو نوجوان دوڑ رہے ہیں۔ایک 100 کلومیٹر فی
گھنٹہ کی رفتار سے غلط سمت میں۔دوسرا 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے صحیح سمت
میں۔کون منزل پر پہنچے گا؟یقیناً دوسرا۔یہی زندگی ہے۔Direction
کے بغیر
Speed کبھی کبھی انسان کو منزل سے مزید دور لے
جاتی ہے۔ہمارے بہت سے طالب علم محنتی ہیں، مگر
انہیں یہ معلوم نہیں کہ ان کی محنت کس مقصد کے لیے ہے۔“کون
سا Subject لینا
ہے؟”“جو دوست لے رہے
ہیں۔”“کس University میں جانا ہے؟”“جہاں سب جا رہے ہیں۔”“کون سا
Career اختیار کرنا ہے؟”“جس
میں پیسہ زیادہ ہے۔”
قارئین : لیکن سوال یہ ہے:آپ
کون ہیں؟
آپ کی صلاحیت کیا ہے؟۔آپ کی دلچسپی کیا ہے؟آپ
کس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں؟آپ پانچ یا دس سال بعد کس انسان کی صورت میں اپنے
آپ کو دیکھنا چاہتے ہیں؟میرے مشاہدے کے مطابق بہت
سے نوجوان ناکام نہیں ہوتے، وہ صرف دیر سے اپنی سمت پہچانتے ہیں۔اور بعض
اوقات انسان جس دن اپنی Direction پہچان
لیتا ہے، اسی دن اس کی آدھی تھکن ختم ہوجاتی ہے۔
طالب علم کے پاس کم از کم تین چیزیں ہونی چاہییں:
Goal — Mentor — Roadmap
Goal
بتائے گا جانا کہاں ہے۔Mentor
بتائے گا راستے میں کن غلطیوں سے بچنا ہے۔Roadmap
بتائے گا آج کون سا قدم اٹھانا ہے۔یہ ضروری نہیں کہ
سولہ سال کی عمر میں آپ کو اپنی پوری زندگی کا نقشہ معلوم ہو۔ لیکن اتنا ضرور
معلوم ہونا چاہیے کہ اگلے ایک سال میں مجھے کس سمت بڑھنا ہے۔
Career
Planning کا مطلب تقدیر لکھنا نہیں۔
اس کا مطلب ہے:اپنی صلاحیت پہچانو،Options
دیکھو،لوگوں سے سیکھو،Experience
حاصل کرو،
پھر فیصلہ بہتر کرتے جاؤ۔
اپنے سے آگے لوگوں سے رابطہ کیجیے۔ اپنے Field کے کسی استاد، Professional
یا Senior سے
بات کیجیے۔ کبھی کبھی ایک تجربہ کار انسان کا ایک جملہ آپ کے کئی سال بچا دیتا ہے۔
اور نوجوانو!
دوسروں کی زندگی دیکھ کر اپنی
Direction مت بدلو۔
Instagram
پر کسی کی گاڑی دیکھ کر
Career منتخب نہ کرو۔
LinkedIn
پر کسی کی کامیابی دیکھ کر احساسِ کمتری میں نہ جاؤ۔
آپ کو اس کی تصویر نظر آئی ہے، اس تصویر کے پیچھے کے
دس سال نہیں۔
آپ کی رفتار کم ہوسکتی ہے۔
راستہ مختلف ہوسکتا ہے۔
منزل بھی مختلف ہوسکتی ہے۔
بس ایک بات یقینی بناؤ:
تم چل رہے ہو — اور صحیح سمت میں چل رہے ہو۔
پانچواں
D — Dua
کوشش کے بعد وہ دروازہ جس کی چابی انسان کے پاس نہیں
یہ 5D Formula کا
آخری لفظ ہے، لیکن شاید سب سے خوب صورت لفظ:
Dua۔
دعا کمزور انسان کا بہانہ نہیں۔
دعا محنت کرنے والے انسان کی عاجزی ہے۔
ایک مسلمان طالب علم پوری تیاری کرتا ہے، رات کو پڑھتا
ہے، Notes بناتا ہے، استاد سے
پوچھتا ہے، Skill سیکھتا
ہے، Interview کی Practice کرتا ہے — پھر اپنے رب کے
سامنے ہاتھ اٹھا کر کہتا ہے:
“یا اللہ! میں نے
اپنی استطاعت بھر کوشش کی، اب انجام تیرے سپرد ہے۔”
یہ توکل ہے۔
توکل کا مطلب ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنا نہیں۔ جامع
ترمذی کی معروف روایت میں نبی کریم ﷺ نے توکل کرنے والے شخص کو اونٹ باندھنے اور
پھر اللہ پر بھروسا کرنے کی تعلیم دی۔
یعنی:
پہلے تیاری، پھر توکل۔پہلے محنت، پھر دعا۔پہلے دروازہ
کھٹکھٹاؤ، پھر اللہ سے کہو کہ میرے لیے بہترین دروازہ کھول دے۔
اور دعا صرف Result کے
لیے نہ ہو۔
یہ بھی دعا ہو:“یا
اللہ! مجھے صحیح راستہ دکھا۔”“یا اللہ! میرے علم
کو نافع بنا۔”“یا اللہ! مجھے
تکبر سے بچا۔”“یا اللہ! میرے
والدین کے لیے مجھے صدقۂ جاریہ بنا۔”“یا اللہ! مجھے
ایسا انسان بنا جس کی کامیابی دوسروں کے کام آئے۔”
لہٰذا طالب علم خود سے پوچھے:میں
پڑھ کیوں رہا ہوں؟صرف پیسہ؟صرف نوکری؟صرف لوگوں کو دکھانے کے لیے؟
یا اس لیے کہ اللہ نے مجھے صلاحیت دی ہے اور میں اسے
انسانیت کے فائدے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہوں؟
نیت بدل جائے تو وہی کتاب عبادت بن سکتی ہے، وہی Laboratory عبادت بن سکتی ہے،
وہی Hospital خدمت
بن سکتا ہے اور وہی Office خیر
کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
5D Formula حقیقت
میں ایک دوسرے سے جدا نہیں
یہ پانچ D الگ
الگ خانے نہیں ہیں۔Deen
آپ کو بتاتا ہے کہ میں کون ہوں اور میری اخلاقی حدود
کیا ہیں۔Discipline
آپ کو روزانہ اٹھ کر کام کرنے کی طاقت دیتا ہے۔Digital
Skills آپ
کو زمانے کے ساتھ مؤثر رہنے کی صلاحیت دیتی ہیں۔Direction
آپ کی محنت کو منزل فراہم کرتی ہے۔اور Dua
آپ کو یاد دلاتی ہے کہ تمام اسباب اختیار کرنے کے
باوجود آخری اختیار اللہ تعالیٰ کا ہے۔
قارئین :یوں سمجھ لیجیے:Deen کے بغیر Skills خطرناک ہوسکتی ہیں۔Discipline
کے بغیر
Goals صرف خواہشیں رہتی ہیں۔Skills
کے بغیر
Degree کمزور پڑ سکتی ہے۔Direction
کے بغیر محنت بکھر سکتی ہے۔اور Dua کے بغیر کامیابی انسان کو
خود پسندی میں مبتلا کرسکتی ہے۔
قارئین:
ذرا ایک لمحہ اپنے آپ سے بات کیجیے
میرے عزیز طالب علم!ممکن
ہے تمہارے نمبر کم آئے ہوں۔ممکن ہے کسی امتحان میں ناکام ہوگئے ہو۔ممکن ہے تمہارے
دوست تم سے آگے نکل گئے ہوں۔ممکن ہے گھر کے حالات تمہارے حق میں نہ ہوں۔ممکن ہے
تمہیں اچھا Laptop نہ
ملا ہو، بہترین College نہ
ملا ہو، پسندیدہ Subject نہ
ملا ہو۔
لیکن ایک چیز ابھی بھی تمہارے ہاتھ میں ہے:
آج کا فیصلہ۔کل
کیا ہوا، تم اسے نہیں بدل سکتے۔لیکن آج تم کس وقت اٹھو گے، کیا پڑھو گے، کس سے
سیکھو گے، موبائل کتنی دیر استعمال کرو گے، نماز کیسے ادا کرو گے، والدین سے کیسے
بات کرو گے اور اپنے مستقبل کے لیے کون سا قدم اٹھاؤ گے — اس کا بڑا حصہ تمہارے
اختیار میں ہے۔
قرآن ہمیں ایک عظیم اصول دیتا ہے کہ اللہ کسی قوم کی
حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنے اندر تبدیلی نہ لائے۔(سورۃ
الرعد، 13:11)
اس لیے زندگی بدلنے کے لیے کسی نئے سال، نئے Semester، نئے
Laptop یا
Perfect Monday کا انتظار مت کیجیے۔کبھی کبھی
زندگی بدلنے کے لیے صرف ایک سنجیدہ فیصلہ کافی ہوتا ہے۔
آج وہ فیصلہ ہوسکتا ہے۔آج موبائل ایک گھنٹہ کم۔آج نماز
وقت پر۔آج دس صفحات زیادہ۔آج ایک نئی Skill کا
پہلا Lesson۔آج
اپنے استاد کو ایک سوال۔آج Career کے
متعلق ایک گھنٹہ تحقیق۔آج والدین کے پاس بیٹھ کر پانچ منٹ گفتگو۔آج رات سونے سے
پہلے دو رکعت اور ایک سچی دعا۔یہ کام بہت چھوٹے لگتے ہیں۔
قارئین :میری نظر میں کامیاب طالب علم وہ نہیں جس کا
نام صرف Merit List میں
آجائے۔کامیاب طالب علم وہ ہے جو امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرے تو شکر کرے،
کم نمبر آئیں تو سیکھے، مقابلے میں آگے نکلے تو متکبر نہ ہو، پیچھے
رہ جائے تو مایوس نہ ہو۔جو Computer بھی
جانتا ہو اور قرآن سے بھی تعلق رکھتا ہو۔جو
Artificial Intelligence استعمال کرنا بھی جانتا
ہو اور اپنی Intelligence استعمال
کرنا بھی۔جو Presentation اچھی
بناتا ہو مگر والدین کے سامنے آواز نیچی رکھتا ہو۔جو
Career بناتا ہو مگر
Character نہ کھوتا ہو۔جو دنیا میں بلند ہونا چاہتا
ہو مگر سجدے میں جھکنا نہ بھولے۔ایسا طالب علم صرف اپنا مستقبل نہیں بناتا؛ وہ
قوموں کا مستقبل بناتا ہے۔مجھے ہمیشہ یہ محسوس ہوا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو
صرف یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ:“محنت کرو!”انہیں یہ بھی بتانا ہوگا:
کس لیے محنت کرو؟کس سمت محنت کرو؟کس کردار کے ساتھ محنت
کرو؟کن Skills کے
ساتھ محنت کرو؟
اور محنت کے بعد کس ذات پر بھروسا کرو؟
قارئین:اس سوال کا جواب یہی پانچ الفاظ ہیں:
Deen — اپنی
بنیاد مضبوط کرو۔Discipline — اپنی
زندگی منظم کرو۔Digital Skills — اپنے
زمانے کی زبان سیکھو۔Direction — اپنی
منزل پہچانو۔Dua — پھر
اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کردو۔
ایک طالب علم اگر یہ پانچ چیزیں اپنی زندگی میں جمع
کرلے تو شاید ہر امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل نہ کرے، لیکن وہ اس سے کہیں بڑی
کامیابی حاصل کرسکتا ہے:وہ
ایک باکردار، باصلاحیت، بامقصد اور فائدہ مند انسان بن سکتا ہے۔
اور آخرکار قومیں صرف ذہین لوگوں سے نہیں بنتیں۔قومیں ان تعلیم یافتہ انسانوں سے بنتی ہیں جن کے دماغ روشن، کردار مضبوط، ہاتھ ہنرمند، قدم بااستقامت اور دل اللہ سے جڑے ہوئے ہوں۔قارئین :اسلام ہمیں دنیا چھوڑنے نہیں، دنیا کو بہتر بنانے کے لیے علم، کردار اور عمل کے ساتھ کھڑے ہونے کی دعوت دیتا ہے۔اپنے رب سے جڑو، علم حاصل کرو، انسانوں کے لیے آسانی پیدا کرو—اور ایسی کامیابی حاصل کرو جس پر زمین بھی فخر کرے اور آسمان بھی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں